راولپنڈی میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی پاک فوج اور رینجرز کے حوالے کر دی گئی۔
جیل حکام کے مطابق اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور جیل میں پابند سلاسل دہشت گردوں اور قیدیوں کی سیکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز کے 200 جوان تعینات کیے گئے ہیں۔دوسری جانب جھنگی سیداں اور اس کے اطراف کے پہاڑوں پر پولیس کی چیک پوسٹیں قائم کرنے کے ساتھ ساتھ جیل کے اطراف 3 کلومیٹر تک کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جا رہی ہے۔جیل حکام نے مزید بتایا کہ جیل سیکیورٹی کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے، کنٹرول روم پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں پر مشتمل ہے۔
مزید پڑھیں:پنجاب: دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 5 ‘دہشت گرد’ ہلاک
اس کے ساتھ ساتھ جیل میں قید دہشت گردوں کے لیے الگ بیرک قائم کرتے ہوئے ان کی نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
دوسری جانب دہشت گردی کے خطرات سے بچنے کے لیے جیل حکام کی جانب سے اڈیالہ جیل کے اطراف میں سرچ آپریشن کے لیے بھی پولیس کے 50 سے زائد جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے جو جدید اسلحے سے لیس ہیں۔جبکہ جیل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال پر پندرہ منٹ میں فضائی مدد حاصل کی جا سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں:دہشت گردی کی حالیہ لہر سے خریداری کا رجحان کم
یاد رہے کہ رواں ماہ ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے متعدد واقعات کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی انتہائی ہائی الرٹ ہے اور پولیس و رینجرز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عوام کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔دوسری جانب تمام اہم مقامات پر بھی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔