اسلام آباد(ایس ایم حسنین) افغانستان کے صوبے غور میں ایک اور صحافی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گیا، صدائے غور ریڈیو کے چیف ایڈیٹر 28 سالہ بسم اللہ عادل ایماق کو قتل کر دیا گیا۔غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی شام صوبہ غور کے فیروز کوہ نامی شہر میں پیش آیا۔ بسم اللہ عادل ایماق نامی مقتول صحافی صدائے غور ریڈیو کے چیف ایڈیٹر تھے۔ افغانستان میں گزشتہ دو ماہ کے دوران کسی میڈیا پروفیشنل کو ہدف بنا کر قتل کیے جانے کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے نوجوان صحافی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت ملک میں آزادی اظہار یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔