ہنگو: قبائلی عمائدین کا کہنا ہے کہ افغانستان سے حملہ قابل مذمت ہے، وطن کے تحفظ کی خاطر ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کرم ایجنسی میں افغانستان سے حملہ کے حوالے سے قبائلی عمائدین کا مشترکہ جرگہ منعقد ہوا۔ افغانستان سے پاکستان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ وطن کے تحفظ کی خاطر ہر قسم کی قربانی دیں گے، پہلے بھی وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں دیں اور اب بھی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر بزدلانہ حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
قبائلی عمائدین نے کہا کہ افغان عوام پاکستانیوں کے احسانات کا بدلہ غیروں کے اشاروں پر حملے کر کے دے رہے ہیں کیوں کہ افغان بھائیوں کی مشکل وقت میں اپنا پیٹ کاٹ کر مدد کی اور پناہ دی لیکن افغان اب پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہو گئے ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ 1948ء سے 1971ء تک قبائل نے وطن کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کیا جس پر اب بھی قائم ہیں۔