الائیڈ ہسپتال میں ایک افغان ڈاکٹرز کی موجودگی کے شواہد مل گئے ، ملزموں نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈز بھی بنوالئے ہیں
فیصل آباد (یس اُردو ) فیصل آباد میں افغان مہاجرین کے اہم سرکاری عہدوں پر نوکریاں کرنے کا انکشاف ہوا ہے اور حساس ادارے کی رپورٹ پر اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔ حساس ادارے کی رپورٹ اور تحقیقات کی کاپی دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت کے ایک حساس ادارے نے رپورٹ دی ہے کہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں ڈاکٹرز جیسی اہم سرکاری نشستوں پر افغان مہاجرین نوکریاں کر رہے ہیں اور ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں ایک ڈاکٹر کے متعلق شواہد بھی مل گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق افغان روس جنگ کے دوران پاکستان آنے والے مہاجرین میں سے نوجوانوں نے ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر علاقوں سے جعلی شناختی کارڈ بنوائے اور اب نادرا حکام کی ملی بھگت سے باقاعدہ خاندان نمبر بھی حاصل کر لئے ۔ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں تعینات ایک ڈاکٹر پہلے پنجاب میڈیکل کالج میں زیر تعلیم رہا اور اب انکشاف ہوا ہے کہ وہ افغانی ہے اور اس نے ایک پٹھان لیڈی ڈاکٹر سے شادی بھی کر لی ہے ۔ حساس ادارے کی رپورٹ کے بعد سی پی او فیصل آباد کو انکوائری کا حکم دیا گیا ہے جبکہ حساس ادارے کے آفیسرز خود بھی تحقیقات شروع کر چکے ہیں ۔