اسلام آباد(یس اردو نیوز) پاک افغان بارڈر پردوطرفہ ٹریفک بحالی کے بعد حکومت پاکستان کا افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بحالی کیلئے اقدامات کے طور پر واہگہ بارڈر کھولنے کا فیصلہ کریا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان حکومت کی خصوصی درخواست پر پاکستان نے 15 جولائی 2020 سے واہگہ بارڈر کراسنگ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ افغان برآمدات کی بحالی کے سلسلے میں کورونا وبا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کیاجائے گا۔ اس اقدام سے پاکستان نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ (اے۔پی۔ٹی۔ٹی۔اے) کے تحت اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔ پاکستان نے کورونا وبا سے پہلے کی طرح دو طرفہ تجارت اور افغان تجارتی راہداری کے لئے تمام کراسنگ ٹرمینلز بحال کردئیے ہیں۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ تجارت سمیت تمام شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور ’اے۔پی۔ٹی۔ٹی۔اے‘ کے تحت افغانستان کے لئے ٹرانزٹ ٹرید کی سہولت کی فراہمی کے عزم پر کاربند ہے۔