پشاور: افغان خاتون شربت گلہ اور ان کے گھر والوں کا جعلی دستاویزات پر شناختی کارڈ بنانے والے نادراپروسیسنگ آفیسر عماد خان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یس اردو نیوز کے مطابق شربت گلہ اور اس کے گھر والوں کو جعلی دستاویزات پر قومی شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث پروسیسنگ آفیسر عماد خان ایف آئی آر درج ہونے کے بعد روپوش ہو گیا تھا تاہم اسے جمعے کی صبح پشاور کےعلاقے گلبہار میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لے لیا گیا۔ ایف آئی اے نے ملزم کو خصوصی عدالت میں پیش کیا، عدالت نے ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ افغان مونا لیزا شربت گلہ پہلے ہی عدالت میں جعلی دستاویزات پر شناختی کارڈ بنوانے کا اعتراف کر چکی ہے جب کہ ایف آئی آر میں نامزد ملزمہ پلوشہ آفریدی اور محسن احسان عدالت سے عبوری ضمانت پر ہیں۔