کابل (یس ڈیسک) افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں نماز جنازہ کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔
افغانستان کے شمالی صوبے بغلان کے ضلعے برکا میں ایک قبائلی رہنما کی نماز جنازہ کے دوران ایک خود کش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔
مقامی افراد اور امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں طبی عملے کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈسٹرکٹ چیف برکا کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور کا نشانہ پولیس کے اعلی افسران اور صوبائی کونسل کے ممبر تھے جو نماز جنازہ میں شریک تھے۔