افغانستان میں ایران کی سرحد کے قریب واقع مغربی صوبے فراہ کے شہر فراہ میں طالبان نے سیکیورٹی فورسز پر حملے کیے ہیں، سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔
جھڑپوں کے نتیجے میں افغان فورسز کے دو اہلکار ہلاک،4زخمی ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 10حملہ آور مارے گئے۔
آج صبح طالبان نے شہر فراہ میں کئی سمتوں سے دھاوا بول دیا اورسیکیورٹی چیک پوائنٹس اور انٹیلی جنس دفتر کی عمارت پر قبضہ کرلیا۔
افغان حکام کے مطابق قندھار کی اسپیشل پولیس فورس اور ہرات سے آئے ہوئے کمانڈوزسیکیورٹی فورسز کے ساتھ ڈسٹرکٹ ٹو اور تھری میں حملہ آوروں سے مقابلہ کر رہے ہیں۔
ان حملوں کے بعد شہر میں اسکول، دکانیں اور سرکاری دفاتر بند کردیئے گئے، افغان فضائیہ کے طیارے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ًطالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ فراہ صوبہ ہلمند کے قریب واقع ہے جہاں کے متعدد اضلاع پر طالبان کو کنٹرول حاصل ہے۔