کرسی خدائی امانت ، اس پر بیٹھ کر کسی کو پنجابی ، پٹھان یا بلوچ نہیں ہونا چاہیئے :مشیر اطلاعات سندھ کا پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب
حیدر آباد (یس اُردو) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور پی پی پی کو ایف آئی اے سے ڈر نہیں لگتا ڈر حکمرانوں کو ہے ۔ سول ہسپتال حیدر آباد میں سندھ پیپلز پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے تعصب کی بنیاد پر ہونے والی کارروائی کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا تو کہا گیا کہ آئین اور قانون کے تقاضے پورے کئے جارہے ہیں اور نیب انصاف کرنے والا چہرہ ہے لیکن اب چہرہ ان کی طرف کیا تو کہا کہ دائرہ میں رہو نہیں تو قانون حرکت میں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جب اپنے مقاصد کی خاطر ملکی سالمیت سے لاتعلق ہوتے ہیں تو ڈر لگتا ہے کرسی اور منصب خدائی امانت ہے اس کرسی پر بیٹھ کر آپ کو پنجابی ، سندھی پٹھان یا بلوچ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اگر تقسیم کریں گے تو ناانصافی ہوگی ۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں سے شکایات ہوتی ہیں کیونکہ ان کے چہرے وفاقی نہیں ہوتے نہ ان کی باتیں چمہوری لگتی ہیں ۔ چوہدری نثار کی تقریر کے جواب دینے سے بہتر ہے کہ حیدرآباد کے لوگوں اور یہاں کے مقامات کی باتیں کروں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی متفقہ آواز ہے کہ مردم شماری ملتوی نہ ہو لیکن اس عمل میں ایمانداری اور غیر جانبداری سے کام لیا جائے کیونکہ سندھ کی طرح کے پی کے اور بلوچستان بھی مردم شماری کو زندگی اور موت کا مسئلہ سمجھتے ہیں ۔