شاہد آفریدی کہیں سیاست میں تو قدم نہیں رکھ رہے ۔سوشل میڈیا پر سابق کپتان نے ملکی سیاست ،بے روز گاری پر قابو اور مستقبل کی پیش گوئی کی ہے ۔
سوشل میڈیا پر خیالات کا اظہارکرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ سال 2016 گزشتہ پچیس، تیس سالوں سے بہتر رہا۔پاکستان آرمی اور وزیر اعظم پاکستان کی کوششوں سے یہ مقام حاصل ہوا۔اپنے تازہ ترین پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کو فائدہ ہوگا،بے روزگاری ختم ہوگی اورخوشحالی بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ جرائم اسی وقت بڑھتے ہیں،جب بیروزگاری ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 25 سے 30 سال سے مشکلات میں گھرا رہا ہے،پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں اوریہ وقت قربانیوں کا نہیں،ترقی اورکامیابی کا ہے۔2016 میں امن اورقومی سلامتی کے حوالے سے بہت بہتری آئی۔بوم بوم آفریدی کے مطابق ہمیں پاکستان کے دوستوں اوردشمنوں کو پہچاننا چاہیے اور عوام سمجھدارہیں،وہ دوست اوردشمن میں تمیز کرسکتے ہیں،دشمن ہمیں غلط پیغامات دینے کی کوشش کرتے ہیں۔مداحوں کے لیے یوڈیو پیغام میں آفریدی نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی اورکامیابی غریب عوام کواوپرلانے سے ہی ممکن ہے،اس بار غریبوں پرزیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے،ہم سب کی ذمےداری ہے کہ یتیموں اورغریب لوگوں کا خیال رکھیں۔