رواں ماہ یکم جون کو ریلیز ہونے والی بولڈ رومانٹک کامیڈی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی اداکارہ سونم کپور سے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ جلد ہی ہدایت کاری کرتی نظر آئیں گی۔
اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ سونم کپور اپنی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم میں ساتھی اداکارہ سوارا بھاسکر کو کاسٹ کریں گی۔
واضح رہے کہ سونم کپور اداکاری کے علاوہ فلموں کوپروڈیوس تو کرتی ہیں، تاہم انہوں نے تاحال کسی فلم کی ڈائریکشن نہیں دیں۔
اب اطلاعات ہیں کہ وہ ہدایت کاری میں بھی قسمت آزمائیں گی اور وہ اپنی پہلی فلم میں ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی ساتھی اداکارہ سوارا بھاسکر کو کاسٹ کریں گی۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ اس فلم میں سونم کپور خود بھی اداکاری کریں گی یا نہیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ سونم بھی فلم کا حصہ ہوں گی۔
نشریاتی ادارے نے اپنی خبر میں ایک اور نشریاتی ادارے کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سوارا بھاسکر نے انکشاف کیا ہے کہ سونم کپور جلد ہدایت کاری کرتی نظر آئیں گی۔
سوارا بھاسکر کے مطابق سونم کپور اس وقت ایک بہت ہی دلچسپ فلم کے اسکرپٹ پر کام کر رہی ہیں، جس کی وہ ہدایت کاری بھی کریں گی۔
سوارا بھاسکر کا کہنا تھا کہ اگر فلم کا اسکرپٹ مکمل ہوگیا اور سونم نے اسے ڈائریکٹ کیا تو وہ اس فلم کا حصہ ہوں گی۔
ساتھ ہی سوارا بھاسکر نے سونم کپور کی تعریفیں کرتے ہوئے اسے بہترین اداکارہ اور دوست بھی قرار دیا۔
خیال رہے کہ سونم کپور اور سوارا بھاسکر کو حقیقی زندگی میں بھی بہترین دوست سمجھا جاتا ہے۔
یہ دونوں اداکارائیں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ سے قبل 2013 میں ریلیز ہونے والی ’رانجھنا‘ اور 2015 میں ریلیز ہونے والی ’پریم رتن دھن پایو‘ میں بھی ایک ساتھ نظر آئیں تھیں۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ سونم کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم بھی ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی طرح خواتین کے مرکزی کرداروں پر مبنی ہوگی، جس میں دونوں اداکارائیں ایک ساتھ نظر آئیں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
ان کی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ میں نامناسب مناظر اور نازیبا جملوں کی وجہ سے اس پر پاکستان میں پابندی عائد کی گئی تھی۔
فلم کو یکم جون کو دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا، جس نے اب تک 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرلی ہے۔
فلم میں سونم کپور اور سوارا بھاسکر کے علاوہ کرینہ کپور اور شیکھا تلسانی نے مرکزی کردار ادا کیے۔
فلم کی کہانی 4 سہیلیوں کے گرد گھومتی ہے، جو ہمیشہ شادی کے مسائل میں پھنسی رہتی ہیں۔