لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں پنجاب کے صوبائی وزیر عبد العلیم خان کو آج گرفتار کر لیا ہے۔ پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر کو نیب میں پیشی کے دوران گرفتار کیا گیا ، ان کے خلاف آف شور کمپنیاں رکھنے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی تھی ، عبدا لعلیم خان کے خلاف آخری مرتبہ 10 اگست 2018 کو نیب کے روبرو پیش ہوئے تھے ۔ تاہم اب تازہ ترین خبر یہ سامنے آئی ہے کہ پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر نے گرفتاری کے بعد اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ پنجا ب سردار عثمان احمد خان بزدار کو بھجوا دیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عبد العلیم خان کا کہنا ہے جب تک وہ نیب تحقیقات سے کلیئر نہیں ہوجاتے کسی قسم کا سرکاری عہدہ اپنے پاس نہیں رکھیں گے تاکہ یہ تاثر نہ جا سکے کہ سرکاری عہدے کی وجہ سے وہ نیب پر اثر اندازہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ عبد العلیم خان نے پچھلے 6 ماہ میں 4 مرتبہ نیب میں حاضری دی اور چوتھی پیشی پر نیب کورٹ نے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیا جس کے بعد انہیں نیب کورٹ سے ہی فوراً حراست مین لے لیا گیا ہے۔