جمرود: (یس اردو نیوز)بلوچستان کے قبائل کے بعد فاٹا کے تمام قبائل بھی پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے بھارت کے خلاف میدان میں آ گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں فاٹا کے تمام قبائل کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لئے بھارت کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔ قبائلی افراد کی جانب سے ایک بڑے جلسے کے اہتمام بھی کیا گیا ہے جب کہ تمام قبائلی عمائدین ایک گرینڈ جرگہ بھی منعقد کر رہے ہیں جس میں بھارت کے پاکستان پر حملے کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
قبائلی افراد کی جانب سے بھارتی پرچم نذر آتش کئے گئے اور وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر اور پتلوں پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کر کے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ قبائلی افراد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت ہم خود کریں گے اور اگر کسی نے بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کی آنکھ نکال لی جائے گی۔ جلسے میں شریک افراد کی جانب سے قومی ترانہ اور نغمے گنگنائے جا رہے ہیں جب کہ قبائلیوں نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بھی ہاتھوں میں اٹھا رکھا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بلوچستان کے قبائل بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کا عزم ظاہر کر چکے ہیں جب کہ گزشتہ روز بلوچ رہنما شاہ زین بگٹی نے بھی بھارت پر دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اگر اس نے پاکستان پر حملے کی کوشش کی تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔