ممبئی(ویب ڈیسک)بالی ووڈ اداکار سنی دیول نے وزیر بننے کے بعد اپنی فلموں کا معاوضہ بھی بڑھا دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سنی دیول نے اپنی اگلی فلم ’’فتح سنگھ‘‘ کے لیے 5 کروڑ کا مطالبہ کیا ہے تاہم فلمسازوں کے لیے اتنا معاوضہ دینا آسان نہیں لہذٰا وہ سنی دیول کو فلم سے الگ کرنے پر غور کررہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایت کار راجکمار سنتوشی کی فلم کی زیادہ تر شوٹنگ لندن میں ہونی ہے جب کہ فلم میں وژوئل ایفیکٹس کا استعمال بھی کیا جائے گا جس کی وجہ سے پہلے ہی فلم کے بجٹ میں 15 سے 18 کروڑ تک کا اضافہ ہوجائے گا۔ سنی دیول کو 5 کروڑ کا معاوضہ دینا فلم میکر کے بس کی بات نہیں اس لیے انہو ں نے ’’فتح سنگھ‘‘ کو کسی اوراداکار کے ساتھ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلم کے پروڈیوسر سنی دیول کی جگہ کسی ساؤتھ انڈین اداکار کو فلم میں کاسٹ کرنے پر غور کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ سنی دیول نے بی جے پی کے ٹکٹ پر پنجاب کے حلقے گورداس پور سے الیکشن لڑا تھا اور کامیاب رہے تھے۔ دوسری جانب خبر کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کی پولیس نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بے جے پی) کے رہنما اور رکن اسمبلی سبھرامانیان سوامی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ سوامی نے اپنے ایک بیان میں مبینہ طور پر الزام عائد کیا تھا کہ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کوکین کا نشہ کرتے ہیں۔ اترپردیش کے علاقے باربانکی میں بھی کانگریس کے کارکنوں نے سوامی کیخلاف ایف آئی درج کروادی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے رہنما پی ایل پونیا کا کہنا ہے کہ ہم نے سبھرامانیان کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے سوامی کا کہنا تھا کہ چھتیس گڑھ پولیس نے میرے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے جو میرے لئے حیرت کا باعث ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی ایف آئی آر مضحکہ خیز ہے کیوں کہ اس میں سچائی کو سامنے لانے کیلئے ڈوپ ٹیسٹ کا مطالبہ نہیں کیا گیا ہے۔