بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ وہ ٹینس سے دور نہیں رہنا چاہتی اور ماں بننے کے بعد بھی ٹینس جاری رکھیں گی اور2020 ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کیلئے پر عزم ہیں۔
ایک انٹرویو میں بھارتی ٹینس اسٹارز ثانیہ مرزا نے کہا کہ وہ گزشتہ سال اکتوبر میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئیں جس کے بعد سے وہ ٹینس سرکٹ سے بھی دور ہوگئیں تھی لیکن اب ان کی نظریں 2020 ٹوکیو اولمپکس پر مرکوز ہیں ۔
ثانیہ مرزا نے کہا گو کہ وہ ماں بننے والی ہیں لیکن وہ اسکے بعد بھی ٹینس جاری رکھنا چاہیتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2020 میں جاپان میں ہو نے والے اولمپکس گیمز میں شرکت کرکے تمام خواتین کے لئے مثال قائم کرنا چاہتی ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ثانیہ مرزا اور ان کے شوہر شعیب ملک نے ٹوئٹر پر ’ننھے مہمان‘ کی آمد کی خوشخبری سنائی تھی۔ دونوں 2010 میں شادی کی بندھن میں بندھے تھے۔