کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے بعد تاریخی نتائج سامنے آئیں گے اور کوئی بھی (ن) لیگی رہنما بچ نہیں پائے گا۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس تحقیقات کے تاریخی اور بڑے نتائج سامنے آئیں گے اور تحقیقات کے بعد (ن) لیگ کا کوئی بھی رہنما بچ نہیں پائے گا، ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں کہ وزیراعظم نواز شریف کے دشمن ان کی پارٹی میں ہی موجود ہیں۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مخالف سیاسی جماعتوں سے پیپلز پارٹی کی مقبولیت دیکھی نہیں جارہی، لاکھوں افراد کا جوش وخروش دیکھ کر مخالفین کو دن میں بھی تارے نظر آنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کا کراچی جلسہ ناکام ہوا تھا، آج وہ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں، شہر بندکرنے کی باتیں وہ لوگ کرتے ہیں جنہیں عوام کی طاقت پر یقین نہیں ہوتا۔