لاہور; دیامر بھاشا و مہمند فنڈ‘‘ میں بینک آف پنجاب کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا گیا ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان کے فیصلے کے نتیجے میں قائم ہونے والے ’’دیامر بھاشا و مہمند فنڈ‘‘ میں بینک آف پنجاب کے اعلی افسران نے ایک کروڑ روپے کا عطیہ جمع کرا دیا۔
بینک آف پنجاب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قوم بہبودی سرگرمیوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے اور کسی بھی نیک مقصد کے لیے زیادہ سے زیادہ رقم دے کر اس عملی جامہ پہنانے میں مدد کرتی ہے۔بینک کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے تاکہ ملک کو پانی کے ممکنہ بحران سے بچنے کے قابل بنایا جا سکے اور اپنی آئندہ نسلوں کو ایک بہتر ملک دیا جاسکے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈیموں کی تعمیر سے متعلق غلط فہمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ حکومت کو ایک روپیہ دینے کو تیار نہیں۔ ایک کیس کے دوران چیف جسٹس نے ڈیموں کی تعمیر میں حکومت کی جانب سے پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ا سٹیٹ بینک کے گورنر، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری خزانہ اور ایف بی آر حکام کو طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اخبارات کی خبریں اور اشتہارات دیکھیں‘ تاثر دیا جارہا ہے کہ اکاؤنٹ حکومت پاکستان نے بنایا‘ وزیر خزانہ کہتی ہیں اکا ؤنٹ انہوں نے کھولا‘ خاتون ہونے کے احترام میں انہیں نہیں بلا رہے۔
ا سٹیٹ بینک نے سب سے زیادہ تکلیف دی‘ ایک گھنٹے میں کھلنے والا اکا ؤنٹ تین دن میں کھولا گیا‘ پیسہ دینے والے افراد کو ادھر ادھر گھمایا جارہا ہے‘ وزارت اطلاعات اور اسٹیٹ بینک اپنا کردار ادا نہیں کررہے‘1996ء سے اب تک ڈیمز کی تعمیر پر کچھ کام نہیں ہوا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ لوگ اس حوالے سے حکومت کو ایک روپیہ دینے کو تیار نہیں۔ حکومتی اکاؤنٹ کا تاثر ہونے کے باعث لوگ رقم جمع نہیں کروا رہے۔ کئی لوگ رجسٹرار کو چیک دیکر چلے گئے ہیں۔ عدالت نے یہ اکاؤنٹ کھلوایا ہے اور رجسٹرار اس کو دیکھ رہے ہیں۔ ایک دھیلے کا بھی کمیشن نہیں کھانے دینگے۔ ڈیم کی تعمیر پر پہرہ دینگے کوئی کرپشن نہیں ہونے دینگے۔ عدالت عظمیٰ نے چند روز قبل جمعے کو وفاقی حکومت کو فوری طور پر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم تعمیرکرنے اور اس حوالے سے 3 ہفتوں میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے کہا ڈیموں کی تعمیر کے لیے عدالت عظمیٰ کے رجسٹرار کے نام ایک اکاؤنٹ بھی کھولا جائے۔ علاوہ ازیں مسلح افواج نے بھی ڈیموں کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی، ائر فورس اور پاک بحریہ کے افسران اپنی 2دن کی
تنخواہ جبکہ ان فورسز کے سپاہی اپنی ایک دن کی تنخواہ دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے دیں گے‘ مسلح افواج نے بطور ادارہ یہ اقدام اٹھایا ہے۔ دریں اثناء مہمند ڈیم اور دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے خیبر پختونخوامیں بھی اکاونٹس قائم کردیے گئے ہیں۔ وزارت خزانہ کی جانب سے صوبائی اکا ؤنٹنٹ جنرل کو ارسال کردہ مراسلے میں موقف اختیار کیا ہے کہ اندرون اور بیرون ملک پاکستانی ان ڈیموں کے لئے رقوم جمع کر اسکیں گے اس فنڈ میں عطیات اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی برانچوں ، تمام خزانے کے دفاتر ، نیشنل بینک اور ملک کے تمام کمرشل بینکوں کے تمام شاخوں میں اس فنڈ کے خصوصی اکاؤنٹ میں چندہ جمع کرایا جا سکے گا۔ان اکاؤنٹس میں پاکستانی باشندے ، بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور بین الاقوامی امدادی ادارے عطیات جمع کر ا سکیں گے ۔