اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان سے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر سید احمد حسین شاہ نے ملاقات کی۔ سید احمد حسین شاہ خاندان اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ سید احمد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے سٹیٹس کو توڑ کر حامی قوتوں کی چیخیں نکال دی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلٰی محمود خان کا کہنا تھا کہ سابق فاٹا کے سات اضلاع اور چھ ایف آر آئینی طور پر صوبے کا حصہ بن چکے ہیں، اس سلسلے میں کوئی اگر مگر نہیں، اس پر لوگ اپنے دکانیں نہ چمکائیں، تحریک انصاف نے پہلی بار مفاد پرست اشرافیہ کو چیلنج کیا اور شعور میں تبدیلی کے سفر کا آغاز کیا، یہی وجہ ہے کہ یہ تبدیلی اشرافیہ کو ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ ایک درجن سے زائد صوبائی محکموں کو نئے اضلاع تک توسیع دی جا چکی ہے، صوبائی محکموں کی توسیع اور نئے اضلاع کی ترقی کا عمل مکمل انضمام تک بتدریج جاری رہے گا، نئے اضلاع میں صوبائی کوٹہ برقرار رکھا گیا ہے، وہاں کے لوگوں کو انصاف اور میرٹ سمیت ترقی کے ہمہ گیر مواقع دیئے جائیں گے۔ دوسری جانب نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو د یتے ہوئے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما ہمارے ساتھ رابطوں میں ہیں ۔ جس پر اینکر نے سوال کیا کہ کتنے لوگ رابطے ہیں ؟ جس پر عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کچھ نہیں کافی لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ کیونکہ مسلم لیگ ن کوئی جماعت نہیں ہے۔ اس میں موجود تمام لوگ اپنے مفاد کی خاطر متحد ہیں۔ لیکن اب انہیں بھی معلوم ہے کہ ان کا نواز شریف کے ساتھ انٹرسٹ نہیں رہا۔ لہٰذا وہ رابطے کر رہے ہیں۔ جبکہ یاد رہے کہ کل خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حقائق پر مبنی سیاسی سرگرمیوں سے متاثر ہو کر لوگوں کی کثیر تعداد میں شمولیت اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ اس کی صاف ستھری سیاست اور جرات مندانہ سیاسی سرگرمیاں ہیں اور اس کی تمام پالیسیاں عوامی خواہشات کی آئینہ دار ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پی ایم ایل ن نوشہرہ کینٹ کی پوری کابینہ کا چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک کی قیادت پر بھرپور اعتماد کااظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیات اختیار کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ایم ایل(ن) نوشہرہ کینٹ کے صدر ارشاد قریشی نے بمعہ دیگر ساتھیوں اور رشتہ داروں کے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیات کا اعلان کیا۔