اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق وفاقی وزیر برائے صحت عامر کیانی کے خلاف نیب راولپنڈی کو انکوائری کی ہدایت دے دی ہے۔نجی نیوز چینل ہم نیوز کے مطابق نیب کو عامر کیانی کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کی تصدیق کے بعد انکوائری کاحکم دیا گیاہے،ان کے خلاف ادویات کی قیمتوں میں اضافے پرانکوائری کا فیصلہ کیا گیاہے۔ واضح رہے کہ عامر محمود کیانی تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل بھی ہیں۔ چیئرمین نیب نے وفاقی وزارت صحت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے متعلقہ افسران کیخلاف ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں اچانک 100 سے 300 فیصد اضافے اور مبینہ کرپشن کے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ سے ادویات عام آدمی کی خرید سے نہ صرف دور ہوگئی ہیں بلکہ مارکیٹ میں بھی ادویات کی دستیابی ناپید ہوگئی تھی۔
چیئرمین نیب نے تحقیقات میں ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے سمیت معاملے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لینے ، ذمہ دااران کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے این آئی سی ایل سکینڈل کیس میں نیب کو 6 نومبر تک تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں این آئی سی ایل سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے استفسار کیا کہ تحقیقات کہاں تک پہنچیں اور کیا پیش رفت ہے؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ تفتیش چل رہی ہے، جلد پیشرفت سے آگاہ کردیں گے،عدالت نے ڈائریکٹر نیب کو روسٹرم پربلالیااور سخت اظہاربرہمی کیا،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ اب ڈائریکٹر نیب کو بھی کیس سمجھانا ہوگا؟ اب کیا ڈائریکٹر جنرل نیب کو طلب کرلیں؟تفتیشی افسر نے کہا کہ تحقیقات چل رہی ہیں،6 ہفتے میں پیشرفت ہوجائےگی، عدالت کانیب کو 6 نومبر تک تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔