بلوچستان کے علاقے آواران میں سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں پاک فوج کے 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آواران میں فوجی قافلہ آئی ای ڈی دھماکے کی زد میں آیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں کیپٹن طٰحہ ، سپاہی کامران ستی اور سپاہی مہتر جان شامل ہیں۔
دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔واضح رہے کہ بلوچستان کا علاقہ آواران صوبے کے حساس ترین اور شورشزدہ علاقوں میں سے ایک ہے اور اس علاقے میں اکثر سیکیورٹی فورسز کے قافلوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔بلوچستان میں سرگرم شدت پسند صوبے میں سیکیورٹی فورسز اور قومی تنصیبات کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔
صوبہ بلوچستان میں گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے باغیانہ سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ فرقہ وارانہ واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔