اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیر اعظم نے امیر قطر کو سرمایہ کاری اور پاکستان آنے کی دعوت دیدی ۔ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں مدد کرسکتے ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے سرمایہ کاری اور دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔دوحہ نےایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی ہے۔ پاکستانی چاول کی درآمد پر پابندی بھی ختم کردی گئی۔ ادھر عمران خان نے کہا ہےکہ5ماہ ہوگئے۔کرپشن کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔ جلد ایسا وقت آئیگاجب کوئی نوکری کیلئے ملک سے باہر نہیں جائیگا ۔وزیر اعظم عمران خان کا 2روزہ دورہ قطر مکمل ہونے پر مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات مزید بڑھانے پر زور دیا جب کہ امیر قطر نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیر اعظم نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور نجی سیکٹر کو 5لاکھ گھروں کی تعمیر میں شراکت دار ی کی دعوت دی ۔ وزیراعظم سے یہاں سکھوں کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی اور کرتار پور راہداری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیر اعظم عمران خان کا دورہ قطر مکمل ہو گیا جس پر مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے پیر اور منگل کو قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا ۔ وزیر اعظم کو اس دورے کی دعوت قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے دی ۔دورہ کے دوران وزیر اعظم نے قطری ہم منصب شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی اور امیر قطر امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقاتیں کیں ۔دیوان امیری آمد پر وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے قطر کے تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کی اور قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔اعلامیہ کے مطابق قطر کے تاجروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا جب کہ قطری قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ تعلقات اور معیشت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی ۔ اس دوران دونوں ممالک کی قیادت نے دو طرفہ تعلقات مزید بڑھانے پر زور دیا جب کہ امیر قطر نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے واکر اسٹیڈیم میں 15 ہزار افراد پر مشتمل پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کیا۔اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان زراعت ۔ توانائی ، سرمایہ کاری اور تجارتی حجم بھی بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ اس دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان قطر کو فورڈ سیکیورٹی پر ضمانت دینے کو تیار ہے ۔ وزیر اعظم نے زرعی شعبے میں انفراسٹرکچرسے متعلق قطر کو اہم پیش کش کی جس کی وزیر خارجہ نے بھی تصدیق کر دی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ہر سال اربوں ڈالر کی زرعی اجناس قطر کو برآمد کرسکتا ہے ۔ جب کہ امیر قطر نے پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان کی مدد کر سکتے ہیں ۔ ہم پاکستان کی معاشی حالات سے بخوبی واقف ہیں ۔اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ قطر نے پاکستانی چاول کی امپورٹ پر پابندی بھی ختم کردی جب کہ قطری قیادت کی جانب سے بتایا گیا کہ قطر پاکستان میں 2 نئے گیس پاور پلانٹس لگائے گا اور پی آئی اے کی بحالی میں معاونت کرےگا۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے دوحہ کے الوکارہ اسٹیڈیم میں پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کو پانچ مہینے ہوگئے لیکن کرپشن کا ایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے میرا تعلق بہت پرانا ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان کیلئے دل کھول کر عطیات دیئے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی دل سے عزت کرتا ہوں، بیرون ملک پاکستانیوں کو روزگار کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن وہ وقت جلد آئے گا جب آپ کو ملک سے باہر نوکریاں ڈھونڈنے نہیں جانا پڑے گا۔