رائیونڈ (ویب ڈیسک) حاجی عبدالوہاب کے انتقال کے بعد تبلیغی جماعت کے نئے امیر کے نام کا اعلان کر دیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق مولانا نذرالرحمان کوتبلیغی جماعت پاکستان کا نیا امیر مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حاجی عبدالوہاب کا شمار مسلم دنیا کی 500 سو با اثر شخصیات میں ہوتا تھا اور
اس فہرست میں حاجی عبد الوہاب 10 ویں نمبر پرتھے۔ ان کا پورا نام راؤ محمد عبدالوہاب اورآبائی علاقہ سہارن پور تھا۔ حاجی عبد الوہاب یکم جنوری 1923ء کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ ہجرت کے بعد پاکستان آئے اورچک نمبر 331 بورے والا ضلع وہاڑی میں رہائش پذیر رہے۔ ان کا تعلق راجپوت راؤ برادری سے تھا، انہوں نے اسلامیہ کالجلاہور سے گریجوایشن کے بعد تحصیلدار کی حیثیت سے فرائض سرانجام دئے اوربعد ازاں تبلیغ اور دعوت کی محنت کے لئے اپنی نوکری چھوڑ دی۔ حاجی عبد الوہاب تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔مولانا عبد الوہاب نے 1944ء میں مرکز مولانا نظام الدین انڈیا میں تبلیغی جماعت کے بانی مولانا الیاس کاندھلوی سے ملاقات کی اور 6ماہ تک ان کی خدمت میں رہے۔ان کا روحانی تعلق مولانا عبدالقادر رائے پوری سے تھا۔ حاجی عبد الوہاب نے اپنی پوری زندگی تبلیغ دین کے لیے وقف کردی ، انہوں نے تحریک ختم نبوت ﷺ میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ محمد شفیع قریشی تبلیغی جماعت کے پہلے ، حاجی محمد بشیر دوسرے جبکہ حاجی عبدالوہاب تیسرے امیرتھے ۔ انہوں نے مدرسہ عربیہ المعروف تبلیغی مرکز رائیونڈ میں 32 سال تک بچوں کو دین کی تعلیم دی اوراپنی تمام زندگی سادگی اور اﷲ اور اس رسول ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں پر گزاری۔حاجی عبد الوہاب طویل عرصہ سے علیل تھے،وہ سانس اور سینے کے عارضہ میں مبتلا تھے ، چند روز قبل انکوڈینگی بخار ہوگیا جس کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا۔تبلیغی مرکز رائے ونڈ کے اعلامیہ کے مطابق مولانا عبدالوہاب نجی اسپتال میں زیر علاج تھے لیکن گذشتہ روز ان کا انتقال ہو گیا۔ حاجی عبد الوہاب کے جنازے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے لوگ لاہور پہنچے۔حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ بعد از مغرب رائیونڈ مرکز سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر سندر روڈ پر موجود تبلیغی اجتماع کے پنڈال میں ادا کی گئی۔ امیر تبلیغی جماعتپاکستان حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ مولانا نذر الرحمن نے پڑھائی جس میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی ۔ان کی نماز جنازہ سندر روڈ اجتماع گاہ پنڈال میں پڑھائی گئی جس کے بعد ان کی وصیت کے مطابق انہیں تبلیغی مرکز کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔