اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) لیبیا کے سابق صدر معمر قدافی نے فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو 2007 کی انتخابی مہم کے لیے مالی امداد فراہم کی تھی جس کا تحریر ثبوت مل گیا ہے۔ میڈیا پارٹ نیوز ویب سائٹ کے مطابق لیبیا کے یہ انکشاف سابق وزیر تیل شکرو غنم کی ڈائری میں کیا گیا ہے جو کہ2012ء میں ویانا میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ یہ بھی بتایا گیاہے کہ ناروے کی ایک کمپنی کی طرف سے دائر مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں ہالینڈ میں مقیم غنم کے داماد کے گھر پرچھاپے کے دوران یہ ڈائری حکام کو ملی جسے انہوں نے فرانسیسی حکام کے حوالے کر دیا۔ نیوز پورٹل کے مطابق ڈائری میں درج ہے کہ سرکوزی کو اس سلسلے میں لیبیا کے سابق لیڈر نے 65 لاکھ یورو سے زائد رقم دی تھی۔ یاد رہے کہ تیونس میں گرفتار لیبیا کے سابق وزیر اعظم بغدادی محمودی نے بھی اپنے وکلا کے توسط سے کہا تھا کہ قدافی نے 2007 کی انتخابی مہم کیلیے سرکوزی کو مالی اعانت فراہم کی تھی۔