کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے پی ٹی آئی رہنما اورگلوکار سلمان احمد پر ٹوئٹر پر لفظی گولہ باری کرتے ہوئے انہیں اسپیئرپارٹ قراردے دیا۔ریحام خان کی متنازع کتاب نےاشاعت سےقبل ہی تہلکہ مچا رکھا ہے۔ ریحام خان اور گلوکار سلمان احمد کے درمیان ٹوئٹر پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ ریحام خان نے کہا کہ سلمان احمد اسپیئر پارٹ تھے اور اب بھی ہیں، جس کے جواب میں سلمان احمد بولےاسپیئر پارٹس کی بھی ضرورت ہوتی ہے آپ اپنی فکر کیجیے۔ریحام خان کی اپنی کتاب پر حمزہ علی عباسی سےلفظی جنگ کےبعد گلوکار سلمان احمد سےبھی لفظی گولہ باری عروج پر ہے۔ریحام خان نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئےٹویٹ کی کہ مجھے ڈرانے سے پہلے آپ لوگ بھول گئے کہ میں نے پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد اور قندیل بلوچ کے قتل سے بہت کچھ سیکھا ہے، زندہ رہوں یا نہ رہوں میری کہانی سب تک ضرور پہنچے گی۔جس پر گلوکار سلمان احمد نے بھی جوابی ٹوئٹ کردی اور ریحام خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’دعا ہے آپ اپنی جعلی اور گھڑی ہوئی کہانی پر افسوس کے لئے زندہ رہیں۔ عمران خان ایک شریف النفس اور انسان دوست شخص ہیں۔ انہوں نے کبھی بھی آپ کے بارے میں غلط بیانی نہیں کی۔ قندیل بلوچ اور زہرہ شاہد نے کبھی بھی چیریٹی فنڈ سے پیسے چرانے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی لوگوں کو برا بھلا کہا۔‘‘ریحام خان نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا جب میری کتاب پڑھی جائے گی تو اندازہ ہوگا کہ لوگ غلط فہمی کا شکار تھے۔ آپ اسپیئر پارٹ تھے اور اب بھی ہیں۔سلمان احمد بھی پیچھے نہ رہے ایک اور ٹویٹ میں جواب داغ دیا اورکہا اسپیئر پارٹس بھی کسی وجہ سے ہوتے ہیں۔ جب حالات بدلتے ہیں تو سب ٹھیک ہوجاتا ہے، آپ کا دل و دماغ بھی ٹھیک ہوجائے گا اور اس کو بھی سکون مل ہی جائے گا۔
Post Views - پوسٹ کو دیکھا گیا: 47