لاہور (ویب ڈیسک) سابق ڈی پی او پاکپتن کے تبادلے کے کیس میں خاتون اول کی دوست فرح خان کے شوہر احسن جمیل گجرکا معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ چکا ہے لیکن اب ایک مرتبہ پھر وہ خبروں میں آگئے، گوجرانوالہ میں ان کا غیرقانونی پٹرول پمپ گرانے کی کوشش پرڈپٹی کمشنر کا تبادلہ کردیاگیا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ نگا ر حبیب اکرم نے انکشاف کیاہے کہ پنجاب حکومت نے احسن جمیل گجر کے پٹرول پمپ کو گرانے کی کوشش کرنے پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو بھی تبدیل کردیاتھا ۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے لیز ختم ہونے پر خرم دستگیر اور دیگر افراد کے پٹرول پمپس گرادیئے لیکن جب انہوں نے احسن جمیل گجر کا پٹرول پمپ گرانے کی کوشش کی جو تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سے قربت رکھتے ہیں تو ان کا تبادلہ کردیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ پٹرول پمپ کو گرانے کی کوشش پر گوجرانوالہ سے تحریک انصاف کی واحد خاتون رکن پنجاب اسمبلی ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے پاس گئیں اور کہا کہ یہ ڈی سی صاحب اچھا بھلا کام کررہے تھے ، اس کوکیوں ہٹایا جارہاہے تو عثمان بزدار نے کہاہے کہ اس کے تبادلے کا حکم اوپر سے آیاہے۔حبیب اکرم نے کہاہے کہ اس سے یہ ثابت ہوتاہے کہ کسی دوسرے کو صرف الزام نہیں دینا چاہیے بلکہ وزیراعظم صاحب کو اپنی چارپائی کے نیچے بھی جھانکنے کی ضرورت ہے کیونکہ کچھ چور وہاں بھی موجود ہیں۔یادرہے کہ اس سے قبل ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر پاکپتن رضوان گوندل کے تبادلے کے دوران بھی احسن جمیل گجرکانام سامنے آیا تھا اور چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد انکشاف ہوا تھاکہ یہ صاحب وزیراعلیٰ آفس میں عثمان بزدار کے سامنے ہدایات دیتے رہے تھے اور ڈی پی او کو کہاتھاکہ وہ خاورفریدمانیکا کے ڈیرے پر جاکر معذرت کرلیں لیکن انکار پر تبادلہ کردیاگیا۔