بالی وڈ میں باربی ڈول کے نام سے مشہور اداکارہ کترینہ کیف کا کہنا ہےکہ میری کچھ بڑی فلموں نے باکس آفس پر کامیابی حاصل نہیں کی لیکن اب ناکامی کے بعد میں نے بڑی غلطیوں کو سدھار لیا ہے۔
اداکارہ کترینہ طویل عرصہ رنبیر سے معاشقے کے باعث خبروں کی زینت بنی رہیں اور یہی نہیں بلکہ اس دوران ان کا فلمی کیرئیر بھی زوال کا شکار ہوا ہے۔ اداکارہ کی 2015 سے 2016 تک ریلیز ہونے والی فلمیں ’’ فینٹم‘‘، ’’فتور‘‘ اور ’’بار بار دیکھو‘‘ بری طرح فلاپ ثابت ہوئیں جس کے بعد انہیں کئی فلموں کے ساتھ ساتھ اشتہارات اور کئی برانڈز کی ایمبسڈرز شپ سے بھی ہاتھ دھونا پڑا لیکن اب اداکارہ نے خود ہی ان سب وجوہات سے پردہ اٹھایا ہے۔ کترینہ کیف کا اپنی نئی آنے والی فلم’’ جگا جاسوس‘‘ کی تشہیری مہم کی تقریب میں اپنی ناکام فلموں پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری فلموں کی ناکامی کی وجہ توجہ نہ دینا اور پریشان رہنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں مانتی ہوں کہ میری کچھ بڑی فلموں نے باکس آفس پر کامیابی حاصل نہیں کی کیوں کہ ان دنوں میری توجہ فلموں سے ہٹ کر کہیں اور جاچکی تھی اور ان فلموں کو 100 فیصد وقت نہیں دے پائی تھی لیکن اب اس وقت کی گئی ان بڑی غلطیوں کو سدھار لیا ہے۔ واضح رہے کہ کترینہ اور رنبیر کپور کا معاشقہ 7 سال سے زائد عرصہ جاری رہا اور دونوں نے گزشتہ سال ہی ایک دوسرے سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی جس کی وجہ رنبیر کا سابقہ محبوبہ دپیکا کے ساتھ فلم ’’تماشہ‘‘ میں کام کرنا تھا۔