لاہور: تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے 27 امیدواروں کے ساتھ رابطے مکمل کر لیے ہیں۔ مسلم لیگ ق کے پاس ۹ امیدوار ہیں جو کہ ممکنہ طور پر تحریک انصاف کی حمایت کریں گے۔ ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی ٓئی مرکز کے علاوہ پنجاب میں بھی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔واضح رہےکہ پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہے اور اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 127 اور تحریک انصاف کو 118 نشستیں حاصل ہیں۔پنجاب اسمبلی میں مجموعی نشستوں کی تعداد 371 ہے،جس میں 66 نشستیں خواتین اور 8 اقلیتوں کے لیے مخصوص ہیں اور کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کے لیے 149 نشستیں درکار ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک جاری کردہ نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے پاس 127 اور تحریک انصاف کے پاس 118 نشستیں ہیں جب کہ 27 نشستوں کے ساتھ آزاد امیدوار تیسرے نمبر پر ہیں۔دیگر جماعتوں میں پیپلز پارٹی کے پاس 7، مسلم لیگ 6، بلوچستان عوامی پارٹی ، مسلم لیگ فنکشنل اور پاکستان عوامی راج کو ایک ایک نشست حاصل ہے۔کسی بھی جماعت کی حکومت بنانے کے لیے آزاد امیدوار اہم کردار ادا کریں گے اور حکومت بنانے کے لیے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے آزاد ارکان سے رابطے شروع کردیے اور اب تک 14 کو پارٹی میں شامل ہونےکی دعوت دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر خان ترین اور چوہدری سرور مزید آزاد ارکان سے رابطوں میں مصروف ہیں۔تحریک انصاف کی اتحادی مسلم لیگ ق کے پاس بھی پنجاب اسمبلی میں 7 نشستیں ہیں اور پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی بھی 6 نشستوں کے ساتھ جوڑ توڑ میں کردار ادا کرےگی۔