اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بعد اب میں بھی کہتا ہوں ہمیں اپنا گھر ٹھیککرنا ہوگا کیونکہ ہم اپنا گھر سیدھا کریں گے تو سرمایہ کاری کے لیے دنیا سے کہہ سکیں گے۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ساری دنیا سیاسی، معاشی، اقتصادی اور معاشرتی تبدیلیوں کا شکار ہے، سرد جنگ کا دور ختم ہو چکا، اب اشتراکیت پر مبنی اقتصادی ترقی کا دور ہے جب کہ عالمی سطح پر نیا ورلڈ آرڈر اپنی جگہ لے رہا ہے، امریکی کیمپ میں شامل ہو کر ہمارے حکمرانوں نے جہازوں کے چند پرزے خریدے تاہم قومیں جنگی سازوسامان سے نہیں بلکہ یونیورسٹیوں کے قیام سے بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور خواجہ آصف کے بعد کہتا ہوں ہمیں اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا، وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ اپنا گھر سیدھا کرنے کا کہہ رہے ہیں، ہم اپنا گھر سیدھا کرنے کے بالکل قریب ہیں جب کہ ہم اپنا گھر سیدھا کریں گے تو سرمایہ کاری کے لیے دنیا سے کہہ سکیں گے۔
ااحسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک دنیا کے 2 قابل اعتماد شراکت داروں کا مشترکہ منصوبہ ہے، شراکت داروں کی دوستی آزمودہ ہے، سی پیک میں کافی صلاحیت اور مواقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا اس وقت نئے ارتقاء اور قدیم انواع کے معدوم ہونے کے دور سے گزر رہی ہے، دنیا اس وقت بڑے تناؤ اور چیلنجز کا شکار ہے جب کہ وہ معاشرے جہاں آگے بڑھنے کو راستے موجود نہ ہوں زمین بوس ہو جاتے ہیں۔