اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس میں اسیری کی زندگی گزار رہے ہیں اور حالیہ انتخابات کے بعد تحریک انصاف کو حکومت بنانے کے لیے اکثریت مل چکی ہے، ایسے میں سعودی سفیر کے عمران خان کو پیغامات اور نواز شریف کی ڈیل کی کوششوں کی خبریں آتی رہی ہیں لیکن اب اس ضمن میں نواز شریف کا اپنا موقف سامنے آگیا۔
اڈیالہ جیل میں کچھ دیگر صحافیوں کے ہمراہ ملاقات کرنیوالے سینئر صحافی اعزاز سید نے لکھا کہ ’نواز شریف گفتگو جاری رکھے ہوئے تھے کہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ایک اور آفیسر کیساتھ آئے اور انہوں نے نواز شریف کے کان میں کچھ کہا۔ نواز شریف نے سر جھٹکا اور پھر ملاقاتیوں سے مخاطب ہوئے، “میں آپ سے باتیں تو بہت کرنا چاہتا ہوں لیکن یہ بتارہے ہیں کہ وقت ختم ہوگیا اور یہ مجھے لے جانا چاہتے ہیں”۔ چلتے چلتے نواز شریف سے پوچھا کیا کسی نے کچھ پیشکش کی؟ وہ جواب میں نفی میں سر ہلاتے بولے، “نہ کی ہے نہ میں خواہشمند ہوں”۔ نواز شریف آہستہ آہستہ چلے گئے۔