میونخ …….. عالمی طاقتیں شام میں خانہ جنگی روکنے پر متفق ہو گئے۔ امریکی اور روسی وزرائے خارجہ کا کہنا ہے کہ شام میں جنگ بندی پر ایک ہفتے میں عمل درآمد کیا جائے گا ۔
جرمنی کے شہر میونخ میں شام کی صورتحال پر امریکا اور روس سمیت عالمی طاقتوں کے درمیان مزاکرات ہوئے، جس میں درجن سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔مزاکرات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ شام میں خانہ جنگی کے خاتمے پر عمل درآمد اور متاثرہ شہروں میں امداد کی فوری رسائی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنا جلدی ممکن ہوسکے شام کے بحران پر جنیوا امن مزاکرات بھی شروع کیے جائیں گے اور داعش اور دیگر جنگجو گروپوں کے خلاف جنگ بندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ داعش ہمارا مشترکہ دشمن ہے۔ شام میں داعش اور النصرہ فرنٹ کے خلاف روس کے فضائی حملے جاری رہیں گے۔ انہوں نے شام میں فضائی کارروائیوں کے لیے روس اور اتحادی افواج کے درمیان تعاون پر زور دیا ہے۔