ریاض: سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط پر یمن سے ایک بار پھر میزائل حملہ کیا گیا تاہم سعودی سیکیورٹی فورسز نے حملے کو ناکام بنادیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یمن سے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا گیا تاہم سعودی سیکیورٹی فورسز نے میزائل حملے کو ناکام بنادیا اور حملے میں کسی سعودی شہری کے مارے جانے یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب یمن میں حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بیلسٹک میزائل حملے میں سعودی افواج کو نشانہ بنایا گیا تاہم سعودی عسکری حکام نے حوثی باغیوں کے دعویٰ کو مسترد کردیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا، میزائل ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے قریب گرا تاہم حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ حوثی باغیوں کو میزائل ایران فراہم کررہا ہے لہذا اقوام متحدہ ایران کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کا پابند کرے۔