اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی کرپشن ریفرنسز سے بریت کیخلاف اپیلوں پر تیاری کیلئے نیب پراسیکیوٹر کو ایک مرتبہ پھر وقت دے دیا۔
اسلام آباد: (یس اُردو) سابق صدر آصف علی زرداری کی دو نیب ریفرنسز سے بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل بنچ نے کی۔ احتساب عدالت نے اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنس میں عدم ثبوت کی بناء پر بری کرنے کا فیصلہ سنایا تھا، جس کیخلاف نیب کی جانب سے اپیل دائر کی گئی۔ نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت کی جانب سے دونوں نیب ریفرنسز سے بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ نیب پراسیکیوٹر نے ایک بار پھر اپنی ہی اپیلوں پر بحث کے لئے مہلت مانگی اور مؤقف اختیار کیا کہ دونوں نیب ریفرنسز سے متعلق ریکارڈ جمع کر رہے ہیں۔ مزید وقت دیا جائے عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔