تہران : ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے باوجود امریکا کے بارے میں پالیسی تبدیل نہیں ہوگی۔ سرکاری ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکا اور دیگر عالمی طاقتوں سے صرف ایٹمی معاملات پر مذاکرات ہوئے ہیں۔
دیگر معاملات پر اختلافات باقی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی مشرق وسطیٰ کی پالیسی ایران سے ہم آہنگ نہیں ہے اور ایران مشرق وسطیٰ میں اپنے حلیفوں حزب اللہ، فلسطینی مزاحمت کاروں اور شامی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے ایٹمی معاملے تک پہنچنے کے لیے صدر حسن روحانی اور مذاکراتی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ دوسری جانب ایران کے صدر حسن روحانی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کا ہمسایہ ممالک نے خیر مقدم کیا ہے اور اس ڈیل کے نتیجے میں ایران کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔