اسلام آباد(ایس ایم حسنین) چینی ملٹری ایوی ایشن ٹیکنالوجی دورِ جدید کی عسکری ضروریات کا ایک اہم جزو ہے اور عصرِ حاضر کے تمام چیلینجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔یہ بات سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس پر جاری پاک چین مشترکہ مشق شاہین-نائن میں ایک جدید چینی ساختہ جنگی طیارہ اڑانے کے بعد کہی۔پاک چین مشترکہ فضائی مشق شاہین۔ نائن جو کہ 9 دسمبر کو شروع ہوئی تھی اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے.سربراہ پاک فضائیہ نے چینی پائلٹس کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چینی پائلٹس کی عسکری ہوا بازی کی غیر معمولی صلاحیتیں پی ایل اے اے ایف کی جدید تربیت کی عکاس ہیں۔مشق کے کامیاب انعقاد پر ائیر چیف نے ہوا بازی کے وسیع میدان میں جدیدیت کو استوار کرنے کے لئے دونوں فضائی افواج کے باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ائیر چیف نے کہا کہ دورِ جدید میں عسکری ہوابازی کے میدان میں ترقی کے لئے نہ صرف ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر نا ضروری ہے بلکہ اس مہارت کا اطلاق جنگی حکمتِ عملی اور تدبیر دونوں پر کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ شاہین سیریز مشقیں دونوں فضائی افواج کے لئے ایک دوسرے کی جنگی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دونوں افواج کی عسکری صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو تقویت دینے میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔