پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) سرگودھا کے قریبی گاوں پھبڑاں سے تعلق رکھنے والے نثار اکبر بارسلونا سنٹر میں اپنے ہی پاکستانی جس کا تعلق ضلع گجرات سے ہے کے ہاتھوں قتل، قتل ہونے والے نثار اکبر کی میت ابھی قانونی مراحل میں ہے اور پاک ویلفیئر فیڈریشن کا وکیل قانونی معاملات کو حل کر رہا ہے،اور ہم نے ابھی چندہ کی اپیل نہیں کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاک ویلفیئر فیڈریشن کے چیئر مین ڈیتھ کمیٹی راجہ شعیب ستی نے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہو ں نے کہا کہ ہمیں علم ہوا ہے کہ کچھ فراڈئیے مر حوم نثار اکبر کے نام پر چندہ جمع کر رہے ہیں انہو ں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کسی کو چندہ نہ دے،یو نہی میت قانونی مراحل سے باہر نکلتی ہے ہم پاکستانی کمیونٹی سے چندہ کی اپیل کریں گے تو پھر میت کو پاکستان بھجوانے کے لئے چندہ دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بارسلونا سنٹر میں سرگودھا کے رہائشی نثار اکبر اور گجرات سے تعلق رکھنے والے کے درمیان تلخ کلامی ہو ئی اور گجرات سے تعلق رکھنے والے شخص نے چھری کے وار کر کے معمولی زخمی کر دیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملہ رفع دفع کرا دیا ۔ لیکن اسی شام کو گجرات کے شخص نے نثار اکبر کو ان کے گھر کے قریب دوبارہ چھری کے وار کر کے موقع پر قتل کر دیا۔ قتل کے بعد قاتل فرار نہ ہو سکا اور پولیس نے گرفتار کر لیا۔