بالی ووڈ کے کھلاڑی نے فلم ’نوانٹری‘ کے سیکوئل سے اپنے دوست اور انڈسٹری کے سلطان سلمان خان کی چھٹی کرادی تاہم اب اس فلم میں ارجن کپور کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2005 میں بننے والی فلم ’نو انٹری‘ نے باکس آفس پر کامیابی کے بعد فلم ساز بونی کپور نے سلمان خان کے ساتھ ہی فلم کا سیکوئل بنانے کا فیصلہ کیا لیکن سلمان خان کی مصروفیات کے باعث انہیں 12 سال انتظار کرنا پڑا مگر اب سلو میاں کی جگہ اکشے کمار کو فلم کے سیکوئل ’’نو انٹری میں انٹری‘‘ میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔ فلم ’نو انٹری میں انٹری‘ میں ہدایت کاری کے فرائض انیس بزمی انجام دیں گے جنہوں نے حال ہی میں انیل کپور اور ارجن کپور کے ساتھ فلم ’مبارکاں‘ بنائی جس میں چاچا اور بھتیجے کی جوڑی کو بے حد سراہا گیا جس کے بعد نوانٹری میں مرکزی کردار ادا کرنے والے انیل کپور کے ساتھ ارجن کپور کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ فلم ’نو انٹری‘ میں فردین خان، سیلینا جیٹلی، بپاشا باسو،عیشا دیول اور لارا دتہ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔