اسلام آباد : تحریک انصاف کے کپتان اپنے کھلاڑی کے دفاع کیلئے میدان میں آ گئے، کہتے ہیں علی امین گنڈا پور دھاندلی رکوانے کیلئے گئے تھے، میاں افتخار کے ساتھ نہیں علی امین گنڈا پور کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبائی وزیر مال علی امین گنڈا پور دھاندلی کرنے نہیں بلکہ رکوانے گئے تھے، ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، اے این پی رہنما میاں افتخار نے تسلیم کیا کہ پولیس نے ان کے ساتھ زیادتی نہیں کی۔
عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کو اچھی پذیرائی ملی ہے تاہم نگران حکومت کے ذریعے گلگت بلتستان میں بیت المال کے پیسے تقسیم کرکے قبل از انتخاب دھاندلی کی جا رہی ہے۔
حکومت نے نجم سیٹھی کا ڈیڑھ کروڑ روپے کا ٹیکس معاف کیا اور ان کی بھانجی کو ایم این اے بنایا گیا، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے معاملے پر علامہ طاہر القادری کے ساتھ زیادتی کی گئی ، عوامی تحریک کے کارکنوں کو قتل کرنے والے مجرموں کو چھوڑ دیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وجیہہ الدین ٹربیونل نے جو کہا اس پر عمل کر دیا، تاہم جسٹس (ر) وجیہہ الدین ٹربیونل کو سپریم کورٹ سمجھ کر چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انکوائری کمیشن نے اگر دو ہزار اٹھارہ میں انتخابات کرانے کا حکم دیا تو نومبر میں پارٹی الیکشن کرا دیں گے۔