عدالتی حکم پر ماڈل گرل کا نان ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج ، عدالت کی جانب سے ماڈل گرل کو تنگ نہ کرنے کا حکم
کراچی (یس اُردو ) بیرون ملک جانے کے لئے پر تولنے والی ڈالر گرل کو پروانہ مل گیا ، عدالتی حکم پر وفاق نے ایان علی کا نام ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کر دیا ۔ سندھ ہائی کورٹ نے ایان علی کو تنگ نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی ۔ ماڈل ایان علی وقت ضائع کئے بنا آج رات ہی بیرون ملک روانہ ہوں گی ۔ ڈالر گرل ایان علی کو طویل عدالتی جنگ کے بعد ملک سے باہر جانے کا پروانہ مل ہی گیا۔عدالتی حکم پر بالاخر وفاق نے بھی ڈالر گرل کا نام ای سی ایل سے خارج کردیا ۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ نے نام نکالنے کا نوٹیفکیشن سندھ ہائی کورٹ میں پیش کیا ۔ عدالت نے ایان علی کو تنگ نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی ۔ ایان علی گزشتہ سال مارچ میں بیرون ملک جاتے ہوئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر تلاشی کے دوران 5 لاکھ ڈالر برآمد ہونے پر منی لانڈرنگ کیس کا سامنا کررہی ہیں ۔ چار ماہ چار دن اڈیالہ جیل کی ہوا کھانے والی ایان علی ضمانت پر ہیں لیکن قید کے دوران بھی ایان علی کے ناز و انداز میں فرق نہ آیا ۔ ایسے میں ماڈل گرل ایان علی کسی پر کٹے پرندے کی طرح بیرون ملک پرواز کے لیے تڑپتی رہیں ۔ سات مارچ کو سندھ ہائی کورٹ اور 13 اپریل کو سپریم کورٹ نے بھی ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دیا ۔ مگر نادہندہ ہونے پر دوبارہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا گیا تھا ۔ اب ماڈل گرل کو وہ خوشی مل ہی گئی جس کے لئے وہ بے چین تھی ۔ ذرائع کے مطابق ماڈل گرل آج ہی بیرون ملک روانہ ہوجائیں گی ۔