یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی تین سال بعد افغانستان سے بازیاب کرا لیا گیا۔ سابق وزیراعظم کو افغانستان کے سفیر نے کال کر کے بازیابی سے آگاہ کیا۔ افغان حکام نے بھی تصدیق کر دی۔
لاہور: (یس اُردو) یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی تین برس بعد افغانستان میں بازیاب کرا لیا گیا۔ سابق وزیراعظم کو افغانستان کے سفیر نے فون کر کےخوشخبری سنائی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی ٹویٹ کی۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کر دی۔ افغان صدر کے قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمار نے مشیر خارجہ سر تاج عزیز سے بات چیت میں علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کی۔ افغان وزیر کے مطابق علی حیدر گیلانی کو افغان صوبہ غزنی سے بازیاب کرایا گیا۔ افغان حکام کے مطابق علی حیدر کی بازیابی افغان اور امریکی افواج کے مشترکہ آپریشن کے ذریعے عمل میں آئی۔ علی حیدر گیلانی کو طبی معائنے کے بعد پاکستان منتقل کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق علی حیدر گیلانی کو خصوصی طیارے کے ذریعے کابل سے پاکستان لایا جائے گا۔ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے بعد مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی کو خط لکھا آپ اور اہلخانہ نے جس صبر کے ساتھ تین سال گزارے اس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سابق وزیراعظم کو ٹیلی فون کیا اور علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر مبارک باد دی ۔ یوسف رضا گیلانی نے بیٹے کی رہائی پر آرمی چیف کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا ۔ سابق صدر آصٖف زرداری نے بھی ٹیلی فون کر کے خوشی کا اظہار کیا ۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی یوسف رضا گیلانی کو مبارک باد پیش کی ہے ۔