اسلام آباد(ایس ایم حسنین) سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کی پاکستان پیپلز پارٹی کے 53ویں یوم تاسیس پرملتان جلسے میں دبنگ انٹری نے جہاں سیاسی تجزیہ نگاروں اور راہنمائوں کے نزدیک متاثر کن رہی ہے، وہیں پاکستان تحریک انصاف کے ناراض راہنما جہانگیر خان ترین کے ابھرتے ہوئے کاروباری جانشین علی خان ترین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ علی ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی اورکہا کہ ’سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن آصفہ بھٹو بہت اچھی ہیں‘۔ علی ترین کے آصفہ بھٹو سے متعلق کیے گئے ٹوئٹ پر ٹوئٹر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔ ایک صارف نے کہا کہ ہم علی ترین کو پاکستان پیپلز پارٹی جوائن کرنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ملتان آصفہ بھٹو زرداری نے پہلی بار کسی بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔