برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے عیدالضحیٰ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ برسلز سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مسلمانوں خصوصاً پاکستانیوں اور آزاد کشمیر کے لوگوں کو چاہیے کہ عید کے تہوار کو مقبوضہ کشمیر کے عوام خاص طور پر ان افراد کے عزیز و اقارب کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منائیں جو بھارتی ریاستی دہشت گردی کے دوران اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
علی رضا سید نے کشمیری شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جنھوں نے حق خودارادیت کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے۔انھوں نے کہا کہ خاص طورپر دوماہ کے دوران تازہ ریاستی دہشت گردی کا شکار ہونے والے لوگوں کی فیملیز کے زخموں پرفوری مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔خصوصاً آزادکشمیر کے لوگوں کو عید سادگی سے منانی چاہیے اور اس عید کے موقع پر کشمیر کے یتیموں اور بیواوؤں کو نہیں بھولنا چاہیے۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مقبوضہ وادی میں اتوار کے روز پانچ کشمیری نوجوان کی شہادت کی بھی مذمت کی اور عالمی برادری سے کہاکہ وہ خاموشی ختم کرکے کشمیریوں پر مظالم کو روکے۔خاص طورپر اسلامی ممالک کی تنظیم کے رہنماوؤں کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی رکوانے کے لیے اورمسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے فوری اقدامات کریں۔
علی رضاسید نے اسلامی دنیا کے مبلغین اور سکالرزسے بھی اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف اپنی آواز اٹھائیں۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دوماہ سے مسلسل کرفیو نافذ ہے اور بھارتی افواج پرامن مظاہرین کو اپنے مظالم کا نشانہ بنارہی ہیں۔
اس دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک سو سے زائد لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور چار سے زائد پیلٹ گن کی فائرنگ سے اپنی آنکھوں سے محروم ہو چکے ہیں۔