ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ اور ہدایت کار مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گوری شندے کی فلم ’’ڈیئر زندگی‘‘ سے پاکستانی اداکار علی ظفر کو علیحدہ نہیں کیا گیا ہے۔ یہ فلم 25 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔
اس فلم کے نمایاں ستاروں میں شاہ رُخ خان بھی شامل ہیں جنہوں نے عالیہ بھٹ کے کوچ کا کردار ادا کیا ہے۔
پاکستانی اداکاروں پر بھارتی فلموں میں کام کرنے کی پابندی کے باعث گزشتہ چند دنوں سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ گوری شندے کی اگلی فلم ڈیئر زندگی میں پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کی جگہ طاہر راج بھاسن کو شامل کیا گیا ہے لیکن عالیہ بھٹ نے اپنے بیان میں اس افواہ کی تردید کردی ہے۔
’’ڈیئر زندگی میری اپنی زندگی سے زیادہ قریب ہے بلکہ میں تو یہ کہوں گی کہ اس میں ہر ایک کو اپنی زندگی کا عکس دکھائی دے گا،‘‘ عالیہ بھٹ نے فلم کی کہانی کے بارے میں بتایا۔
ہدایت کارہ گوری شندے کی پہلی فلم ’’انگلش ونگلش‘‘ کو، جس میں سری دیوی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، فلم ناقدین نے بہت پسند کیا تھا جس کے بعد ان کی اگلی فلم ’’ڈیئر زندگی‘‘ سے بھی نقادوں کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ اس فلم میں شاہ رُخ خان، عالیہ بھٹ اور علی ظفر کے علاوہ کنال کپور اور انگد بیدی بھی بطور اداکار شامل ہیں۔