پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث اُن بولی وڈ فلموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں پاکستانی اداکاروں نے کام کیا ہے اور اس کی حالیہ مثال علی ظفر کی فلم ‘ڈیئر زندگی’ ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہندو انتہا پسند جماعتوں کی دھمکیوں کے باعث فلم ‘ڈیئر زندگی’ میں علی ظفر کے کردار کو ہٹا کر کسی اور اداکار کو کاسٹ کرلیا گیا، تاہم عالیہ بھٹ نے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
’رئیس‘ اور ’ڈیئر زندگی‘ کیلئے گرین سگنل
ایک تقریب کے دوران جب 23 سالہ عالیہ بھٹ سے اس فلم میں علی ظفر کے کردار کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ‘فلم میں کسی کو بھی تبدیل نہیں کیا گیا، جیسے فلم کی شوٹنگ ہوئی ہے، اسے بالکل اسی طرح ریلیز کیا جائے گا’۔
انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ اب سب کو اس بحث کو بھول کر آگے بڑھنا چاہیے۔
عالیہ کے مطابق ‘فلم میں کسی کو تبدیل کرنے نہ کرنے جیسی کوئی بات نہیں سوچی گئی، اس لیے مجھے لگتا ہے کہ اب ہمیں بھی اس موضوع کو چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہیے، کیوں کہ اب یہ ختم ہوچکا ہے’۔
علی ظفر کی اگلی فلم عالیہ بھٹ کے ساتھ
واضح رہے کہ فلم ڈیئر زندگی میں عالیہ بھٹ کے ہمراہ شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، اس فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی پر مبنی ہے جو 3 بوائے فرینڈز سے بریک اپ کے باعث پیدا ہونے والے ذہنی مسائل کے حل کے لیے ایک ڈاکٹر سے رابطہ کرے گی۔
فلم میں علی ظفر، عالیہ بھٹ کے بوائے فرینڈ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
گوری شندے کی ہدایات میں بننے والی فلم ‘ڈیئر زندگی’ رواں ماہ 25 تاریخ کو ریلیز کی جائے گی۔