ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور فلمساز کرن جوہر اور ڈائریکٹر روہت شیٹی نے بالآخر ڈائریکٹر سبھاش گئی کی 1989ء میں بنائی گئی سپر ہٹ فلم ’’رام لکھن‘‘ کے ری میک کی کاسٹ کو فائنل کرلیا ہے اور اس ری میک میں عالیہ بھٹ پاکستانی اداکار فواد خان اور سدھارتھ ملہوترا مرکزی کرداروں میں کاسٹ کیے گئے ہیں۔
اصل فلم ’’رام لکھن‘‘ میں جیکی شیروف، انیل کپور، ڈمپل کپاڈیہ اور مادھوری ڈکشٹ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ ’’رام لکھن‘‘ کے اس ری میک میں سدھارتھ ملہوترا ’’رام‘‘ (جیکی شیروف) کا کردار ادا کریں گے جب کہ فواد خان ’’لکھن‘‘ (انیل کپور) کے کردار میں جلوہ گر ہو رہے ہیں اسی طرح عالیہ بھٹ فلم میں مادھوری ڈکشٹ والا کردار ’’ رادھا ‘‘ نبھائیں گی۔
بتایا جاتا ہے کہ فواد کو کرن جوہر کی ایک فلم میں ایشوریا رائے بچن کے ساتھ رنبیر کپور کو انوشکا شرما کے ساتھ جوڑی دار بننے کی پیشکش کی گئی تھی اور بھارتی فلمساز پاکستانی اداکار کے کام سے بہت متاثر ہوئے، یہی وجہ ہے کہ اب کرن جوہر نے فواد خان کو اپنی نئی فلم ’’رام لکھن‘‘ کے ریمیک میں ’’ لکھن ‘‘ کے کردار کی پیشکش کی ہے۔
کرن کے مطابق عالیہ بھٹ اور سدھارتھ ملہوترا تو مرکزی کرداروں میں ہیں مگر تیسرے کردار کے لیے فواد خان کے سوا کوئی موزوں نہیں لگا۔ دوسری طرف عالیہ بھٹ ان دنوں نئی آنے والی فلم ’’اُڑتا پنجاب‘‘ میں شاہد کپور کے ساتھ مرکزی کردار میں کام کر رہی ہیں جس کی شوٹنگ بھی جاری ہے۔
اسی طرح فواد خان بھی بالی ووڈ میں بھارتی کرکٹ کپتان ایم ایس دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے کردار میں ہوں گے جب کہ ایم ایس دھونی کا کردار سوشانت سنگھ راجپوت ادا کر رہے ہیں۔