ممبئی : بالی ووڈ میں اپنی بے باک اداکاری کے حوالے سے مشہور اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار سدھارت ملہوترا کے درمیان دوری کے بعد ایک بار پھر قربتیں بڑھنے لگیں۔
بالی ووڈ اداکار سدھارت ملہوترا اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے معاشقے کی خبریں زبان زدعام ہیں جب کہ دونوں اداکاروں کو کئی مقامات پر ایک ساتھ دیکھا گیا ہے، یہی نہیں دونوں اداکاراکثر فلموں کے سیٹ پر بھی ملاقات کرتے دیکھے گئے ہیں تاہم اداکاروں کی جوڑی اپنے تعلقات کے حوالے سے کچھ بھی کہنے سے قاصر ہے۔
اداکاراکشے کمار اور سدھارت ملہوترا کی فلم’’برادرز‘‘ کی اسپیشل اسکریننگ میں دونوں اداکاروں کی جوڑی نے ایک ساتھ شرکت کی جب کہ فلم کے اختتام پر سدھارت ملہوترا کو اشکبار دیکھ کراداکارہ عالیہ بھٹ بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور روپڑیں جس کے بعد انہوں نے فلم کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم’’برادرز‘‘ کی ریلیز کے روز اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنے دوست سدھارت ملہوترا کی فیملی کے ساتھ کئی گھنٹے گزارے اور سب کے ساتھ ڈنر بھی کیا جب کہ ملاقات کے بعد دونوں اداکاروں کو خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا تاہم اب دیکھنا ہے کہ فلمی جوڑی کب کرکٹر ویرات کوہلی کی طرح برملا اظہارمحبت کرتی ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سدھارت ملہوترا اور اداکارہ عالیہ بھٹ نے فلمی کیرئیر کا آغاز 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم’’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘‘ سے کیا تھا۔