کوئٹہ: گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ماضی میں ہمیشہ بلوچستان کو نظرانداز کیا گیا، چاہتے ہیں 5 سال میں بلوچستان سے ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے ۔تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل کی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے ملاقات جاری ہے۔عمران اسماعیل نے ملاقات کے دوران کہا
کہ سردار یارمحمد رند کی خصوصی دعوت پرکوئٹہ آیا ہوں، بلوچستان میں بھی تبدیلی کا سفرشروع ہوچکا ہے۔گورنرسندھ نے کہا کہ ماضی میں ہمیشہ بلوچستان کو نظرانداز کیا گیا، چاہتے ہیں 5 سال میں بلوچستان سے ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے، کوشش ہے بلوچستان میں ہماری پالیسی کا مثبت آغاز ہو۔خیال رہے کہ اس سے قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل بغیرپروٹوکول کراچی ایئرپورٹ پہنچے اور مسافروں کے ساتھ لائن میں لگے۔ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل شام کو کوئٹہ سے کراچی واپس روانہ ہوں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز مزار قائد پرحاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سب سے پہلےحل طلب مسئلہ پانی کا ہے۔گورنرسندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پانی کے مسئلے پروزیراعظم سے بھی بات ہوئی ہے، گرین لائن و دیگر رکے ہوئے میگا پروجیکٹ کو دوبارہ شروع کریں گے۔عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام تر اقدامات کروں گا، صوبے کے وسیع تر مفاد میں تمام جماعتوں کوساتھ لے کرچلوں گا۔واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل
نے بطور گورنر سندھ عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی جہاں قائم مقام گورنر خیبرپختونخوا مشتاق غنی نے صوبائی وزرا سے حلف لیا۔حلف لینے والے وزرا میں عاطف خان، شہرام ترکئی، تیمور سلیم جھگڑا، محمد اشیاق ارمڑ، قلندر لودھی، شکیل خان، محب اللہ، سلطان خان، ہشام انعام، کامران بنگش اور اکبر ایوب شامل ہیں۔حلف برداری کی تقریب ایک بار پہلے وزیراعلیٰ محمود خان کی مصروفیات کے باعث ملتوی کی گئی تھی جب کہ ایک رکن شاہ محمد نے بطور مشیر حلف اٹھانے سے انکار کیا۔ ذرائع کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے بعد نئے منتخب ہونے والے ایم پی ایز میں سے نئے وزیر لئے جائیں گے اور اگلے مرحلے میں صوبائی کابینہ میں ایک خاتون مشیر کو بھی مقرر کیا جائے گا۔یاد رہے کہ نئی صوبائی کابینہ میں عاطف خان سینئر وزیر کے ساتھ ساتھ سیاحت کا محکمہ بھی سنبھالیں گے جب کہ شہرام ترکئی محکمہ بلدیات، تیمور سلیم جھگڑا وزیر خزانہ، محمد اشیاق ارمڑ محکمہ جنگلات اور قلندرخان لودھی محکمہ خوراک کا قلمدان سنبھالیں گے۔اسی طرح شکیل خان محکمہ مال، محب اللہ محکمہ زراعت، ڈاکٹر امجد علی محکمہ معدنیات، سلطان محمد خان محکمہ قانون، ہشام انعام اللہ محکمہ صحت، کامران بنگش محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر ہوں گے۔کابینہ میں شامل عبدالکریم وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صعنت ہوں گے اور ضیاء اللہ بنگش بھی وزیراعلی کے مشیر ہوں گے۔