اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر اعظم کا شاہانہ پروٹوکول مختصر قافلے میں بدل گیا۔ عمران خان درجنوں گاڑیوں کے جھرمٹ کی بجائے محض 7 یا 8 گاڑیوں کے ساتھ وفاقی دارلحکومت میں حرکت کرتے رہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے جب سے وزارت اعظمیٰ کا حلف اٹھایا ہے تب سےوہ ایک چیز کو لے کر کافی متحرک نظر آرہے ہیں،وہ ہے کفایت شعاری کی پالیسی۔اب تک حکومت اور وزراء کے چال چلن بھی حکومت کی کفایت شعاری کی پالیسی کا عکاس بن چکے ہیں۔آج کابینہ کے اجلاس میں صدر ،وزیر اعظم اور اراکین اسمبلی کا صوبدیدی فنڈ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو دوسری جانب وزیر اعظم پر بھی دوروں پر جاتے وقت خصوصی طیارہ استعال کرنے کی پابندی عائد کردی۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اب سے وزیر اعظم سمیت تمام حکام فرسٹ کلاس کی بجائے کلب کلاس میں سفر کیا کریں گے۔اس موقع پر آج کپتان نے سادگی کی ایک اور شاندار روایت قائم کر دی۔وزیر اعظم جب کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے تو ان کے ساتھ گزشتہ حکمرانوں کی طرح کوئی لاو لشکر نہ تھا۔وزیر اعظم کے قافلے میں ہوٹر بجاتی گاڑیاں ،،اسلحہ برداروں کی فوج بھی نہ تھی۔قافلہ انتہائی مختصر اور محض 7 یا 8 گاڑیوں پر مشتمل تھا۔گزشتہ حکمرانوں کے پروٹوکول کی ستائی عوام نے وزیر اعظم کے اس مختصر قافلے کو دیکھا تو عش عش کر اٹھے۔ایک شہری نے ویڈیو بنائی تو اس قدر مختصر قافلہ دیکھ کر وہ بھی داد دئیے بغیر نہ رہ سکا اور بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئ۔