نیویارک……امریکی ریاست ورجینیا میں ایک قصبے کے تمام اسکولوں کو ایک روز کے لیے بند کردیا گیا۔امریکی ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی اگاسٹا کے تمام اسکولوں کو ایک روز کے لیے بند کردیا گیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اسکول ٹیچر نے بچوں کو اسلامی خطاطی پر اسائنمنٹ دیا، جس پر والدین کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آیا۔والدین نے ٹیچر کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اسکول ٹیچر کی جانب سے بچوں کو اسلام کی جانب راغب کرنے کی کوشش کی گئی۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اسکول ٹیچر کی جانب سے پیر کو دیے گئے خطاطی کے اسائنمنٹ میں کلمے کا عکس شامل تھا۔ ادھر ایک امریکی اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسکول ٹیچر نے اپنی جانب سے نہیں بلکہ عالمی مذاہب کی کورس کی کتاب سے خطاطی کے نمونے نقل کرنے کو دیئے۔حکام نے ابتدائی طور پر سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کے لیے تمام اسکولوں کے قریب پولیس کی اضافی نفری تعینات کی،تاہم جمعے کو اسکولوں کو ایک روز کے لیے بند کردیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ طالب علموں کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں تاہم یہ اقدام احتیاطی طور پر اٹھایا گیا ہے۔دوسری جانب اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کورس میں تبدیلی کرکے آئندہ سے اسلامی خطاطی کے غیر مذہبی نمونے نصاب میں شامل کیے جائیں گے۔