اسلام آباد: ہمار ے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، اگر ضد اور انا کی بنیاد پر اسے طول دیا گیا تو پاکستان کے سکیورٹی ادارے اس کے خلاف کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں: احسن اقبال
اسلام آباد میں دھر نا پندرہویں روز بھی جاری ہے۔ وزارت داخلہ نے دھرنا ختم کرانے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علما کا اجلاس آج طلب کر لیا، مظاہرین نے وزیر قانون کے استعفی تک مذاکرات سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ نے آج معاملے کے حل کیلئے تمام مکاتب فکر کے مرکزی علما کا اجلاس بلالیا ہے۔ اس بیٹھک میں دھرنے سے نمٹنے کیلئے حتمی مشاورت کی جائے گی۔ دھرنے کے شرکاء کا ایک ہی مطالبہ ہے وزیرقانون استعفے دیں یا ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کے ذمے دار کا نام بتائیں۔ فیض آباد پر دھرنے کے شرکا پندرہویں روز بھی موجود ہیں۔ پولیس، رینجرز اور ایف سی کی بھاری نفری بھی تعینات ہے، ایمبولنسز اور بکتر بند گاڑیاں بھی کھڑی ہیں۔ دوسری طرف کراچی نمائش چورنگی میں بھی دھرنا رات بھر سے جاری ہے۔ مظاہرین نے نمائش چورنگی سے صدر جانے والا ٹریک کھول دیا۔
وزیر داخلہ احسن اقبال نے گزشتہ روز جڑواں شہروں کے سنگم پر واقع فیض آباد سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے خبر دار کیا کہ آخری حل طاقت کااستعمال ہے جس کے لیے فورسز تیار ہیں۔ دھرنا دینے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ملک و قوم کی خاطر دھرنا ختم کر دیں۔مظاہرین کی آواز بھرپور طریقے سے سنی جا چکی ہے اور پارلیمان نے اس معاملے پر موثر اور سخت قانون سازی کر دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمار ے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے ۔ ہم اس مسئلے کو ہر ممکن طور پرپُر امن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں لیکن اگر ضد اور انا کی بنیاد پر اسے طول دیا گیا اور نا گزیر ہو گیا تو پاکستان کے سکیورٹی ادارے اس کے خلاف کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ آپریشن اس مسئلے کا آخری حل ہو گا۔احسن اقبال نے کہا کہ پارلیمنٹ سے بل کی منظوری کے بعد ختم نبوت کا مسئلہ ختم ہو چکا، تمام شکوک وشبہات دور کردیئے ،دھرنے کے مقاصد کچھ اور ہیں، ختم نبوت کی آڑ میں دھرنا سازش ہے ، اسے آئندہ الیکشن میں استعمال کیا جائے گا۔مظاہرین اس ایشو کو آئندہ الیکشن کیلئے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں، اگر کوئی سیاسی جماعت دھرنے کو آئندہ انتخابات کے لیے اپنا لانچنگ پیڈ بنانا چاہتی ہے تو وہ کھل کر سامنے آئے ۔دھرنا کی صورتحال کو ملک دشمن اپنے حق میں استعمال کررہے ہیں،علماء سے اپیل ہے کہ وہ مصالحتی کردار ادا کریں،پنجاب، وفاقی حکومت نے ہمیشہ یقین دلایا کہ ختم نبوت ہر پاکستانی کے ایمان کا حصہ ہے ہم اتنے ہی غیرت مند ہیں جتنا کہ کوئی اور ہے ، کوئی حکومت سمجھوتہ نہیں کر سکتی، انہوں نے دھرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے والے کیوں عید میلادالنبیؐ کے جلسوں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں؟