لاہور(ویب ڈیسک ) لاہور ہائی کورٹ کل سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف غداری کیس کی سماعت کرے گی ۔نجی ٹی وی کے مطابق عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف ،شاہد خاقان عباسی اور سرل المیڈا کو طلب کر رکھا ہے۔ہائیکورٹ کے جج سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3رکنی فل بینچ سماعت کرے گا ۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے مقامی اخبار”ڈان نیوز“کے صحافی سرل المیڈا کو متنازعہ انٹر ویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے پیچھے پاکستان میں متحرک کالعدم تنظیموں کا ہاتھ تھا۔ نواز شریف نے سوال اٹھایا تھاکہ کیا ہمیں غیر ریاستی عناصر کو سرحد پار کرکے ممبئی میں ڈیڑھ سو افراد کو قتل کرنے کی اجازت دینی چاہیے تھی؟ اس بات کی بھی وضاحت ہونی چاہیے کہ ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی کیوں مکمل نہیں ہو رہی۔اس انٹرویو کے بعد بھارت میں بھی ہنگامہ برپا ہو گیا تھا اور بھارتی میڈ یا نے اس معاملے کو اٹھا کر پاکستان کی ساکھ کو دھچکا پہنچانے کی کوشش کی تھی ۔